بنگلورو۔(ایس او نیوز) ٹریفک قوانین کی پامالی کے الزام میں آج شہر کی پولیس نے مختلف مقامات پر 400 سے زائد آٹو رکشا ضبط کرلئے۔شہر کے مغربی ڈویژن میں آنے والے اپار پیٹ ، میجسٹک ، بیاٹرائن پورہ ، چک پیٹ ، ماگڑی روڈ، وجئے نگر، کنگیری سمیت مختلف علاقوں میں آج ٹریفک پولیس کی طرف سے چلائی گئی مہم کے دوران ٹریفک قوانین کی پامالی کرنے والے 400 سے زائد آٹو رکشائوں کی نشاندہی کی گئی ۔ اور ان پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مسافر کے بلانے پر جانے سے انکار ، میٹر سے زیادہ رقم کا مطالبہ ، ڈرائیور کا ڈسپلے کارڈ نہ ہونے اور دیگر ٹریفک قوانین کی پامالیوں کے سبب ان آٹو رکشائوں کو سڑکوں سے ہی ضبط کرلیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹریفک گریش نے بتایاکہ کل صبح ساڑھے پانچ بجے سے ساڑھے نو بجے تک دوبارہ دیگر علاقوں میں ایسی ہی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے آٹو ڈرائیوروں کو ہدایت دی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پامالی نہ ہونے دیں۔ اور مسافروں کے ساتھ اچھا رویہ اپنائیں۔ میٹر کی مقررہ رقم سے زیادہ کرایہ وصول کیاگیا تو ان کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہوگی۔